ملک میں آج ہوگا عام انتخابات کا اعلان
نئی دہلی، 16 مارچ ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا اس سال ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان آج دوپہر تین بجے قومی دارالحکومت دہلی کے وگیان بھون میں کرے گا۔ ملک کی 543 لوک سبھا سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کے لیے ووٹنگ کی تاریخوں کا اعلان وگیان بھون میں ہونے والی پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کچھ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پروگرام کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پریس کانفرنس سے قبل کی شام اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر یہ جانکاری دی۔ تین رکنی الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار ہیں جبکہ الیکشن کمشنرز سکھبیر سنگھ سندھو اور گیانیش کمار ہیں۔ کمیشن اس موقع پر آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، اڈیشہ، سکم اور جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر سکتا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق ووٹنگ کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی نافذ ہو جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ موجودہ لوک سبھا کی میعاد 16 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ اس سے پہلے نئی لوک سبھا کی تشکیل ہونی ہے۔ پچھلی بار (2019) لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان 10 مارچ کو کیا گیا تھا اور 11 اپریل سے 19 مئی کے درمیان سات مرحلوں میں ووٹنگ ہوئی تھی۔ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوئی تھی۔
