حیدرآباد، 07 دسمبر (ہ س)۔ کانگریس لیڈر ریونت ریڈی نے جمعرات کو تلنگانہ کے وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف لیا۔ گورنر ڈاکٹر تملیسائی سندرراجن نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ ان کے ساتھ 11 وزرا نے بھی حلف لیا، جس میں بھٹی وکرمارک ملو کو نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہے۔ ریونت ریڈی ریاست کے دوسرے وزیر اعلی ہیں اور 2014 میں تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کانگریس کے پہلے وزیر اعلی ہیں۔
54 سالہ ریونت ریڈی نے اپنے 11 دیگر ساتھیوں کے ساتھ حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔ وزرا کی حیثیت سے حلف اٹھانے والوں میں این اتم کمار ریڈی، سی دامودر راجن سمہا، کوماٹی ریڈی وینکٹ ریڈی، سریدھر بابو، پونگولیٹی سری نواس ریڈی، پونم پربھاکر، اے سیتھکا، ناگیشور راو، جوپلی کرشنا راو¿ اور کونڈا سریکھاشامل ہیں ۔
حلف برداری کی تقریب میں کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی، قومی صدر ملیکارجن کھڑگے، سابق صدر راہل گاندھی، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدھارامیا، ہماچل کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو سمیت کئی اہم رہنما موجود تھے۔
حلف لینے کے بعد وزیراعلی ریڈی نے کہا کہ انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کے دروازے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ وہ پرجا دربار کے طور پر منعقدہ پروگرام میں ہر روز عوام سے ملاقات کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
