گاندربل پولیس نے چوری کا معاملہ حل کیا، لاکھوں روپیہ مالیت کا مسروقہ سامان برآمد اور دو ملزمان گرفتار
گاندربل،15 نومبر (ہ س)۔ گاندربل پولیس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق مورخہ 11 نومبر کو تھانہ لار کو ایک شخص کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی جس کا نام فاروق احمد گنائی ولد غلام نبی گنائی ساکن کرہامہ ہے۔ اس نے شکایت میں کہا ہے کہ نو اور دس نومبر کی درمیانی رات کے دوران بنہامہ لار میں واقع ان کے ورکشاپ سے نامعلوم چور لاکھوں روپیہ مالیت کے اسپیئر پارٹس چوری کر کے لے گئے۔ اس سلسلے میں، مقدمہ ایف آئی آر نمبر 73/2023 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن لار میں درج کیا گیا اور مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
دریں اثنا ایس پی گاندربل نکھل بورکر کی ہدایت پر، ایس ایچ او تھانہ لار انسپکٹر خورشید اعوان کی سربراہی میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔ سخت کوششوں کے بعد اور تکنیکی معلومات کی مدد سے، پولیس پارٹی نے ایک مشتبہ شخص ندیم خان ولد واجد خان ساکنہ بریلی یوپی کو گرفتار کیا اور پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ محمد رفیق کنہ ولد محمد یوسف ساکن شیر کالونی سوپور کے ساتھ اسپیئر پارٹس کی چوری میں ملوث ہے۔
مذکورہ ملزمان کے انکشاف پر چوری شدہ اسپیئر پارٹس جس کی مالیت (تقریباً 939824.08 روپے) برآمد ہوئی ہے اور دونوں ملزمان کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا ہے۔ عام لوگوں نے صرف پانچ دنوں کے اندر چوری کے معاملے کو حل کرنے کے لیے گاندربل پولیس کی تیز رفتار کارروائی کی کوششوں کو سراہا ۔ پولیس نےلوگوں سے گزارش کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور معاشرے میں موجود چوروں کے بارے میں معلومات شیئر کریں، تاکہ مستقبل میں بھی انہیں مؤثر طریقے سے پکڑا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
