بھوپال، 16 فروری ۔
راجدھانی میں لوک آیکت پولیس نے جمعہ کو محکمہ اسکول ایجوکیشن کی ایک خاتون کلرک کو 10,000 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم خاتون گورنمنٹ مہارانی لکشمی بائی ہائیر سیکنڈری اسکول، کلسٹر سنٹر، برکھیڑا میں سینئر کلرک کے طور پر تعینات ہے۔ اس پر پرائمری اسکول کے ایک اسسٹنٹ ٹیچر نے پنشن سے متعلق کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے عوض رشوت کا مطالبہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ اس پر لوک آیکت پولس نے اسے پکڑنے کے لیے جال بچھایا اور جیسے ہی شکایت کنندہ خاتون جمعہ کی دوپہر اسکول کے دفتر پہنچی اور رقم سے بھرا ایک لفافہ ملزم خاتون کلرک کے حوالے کیا، لوک آیکت ٹیم نے اسے پکڑ لیا۔ لوک آیکت پولیس نے انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم خاتون کلرک سے پوچھ تاچھ شروع کردی ہے۔
لوک آیکت ڈی ایس پی سنجے شکلا نے بتایا کہ گورنمنٹ پرائمری اسکول پپلیا پیندے خان میں اسسٹنٹ ٹیچر لیولینا اکا نے 14 فروری کو شکایت کی درخواست دی تھی۔ اس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اس سال اپریل میں ریٹائر ہونے والی ہیں اور انہوں نے اپنی پنشن سے متعلق تمام دستاویزات گزشتہ جنوری میں کلسٹر سینٹر گورنمنٹ مہارانی لکشمی بائی ہائر سیکنڈری اسکول برکھیڑا کی اکاؤنٹس برانچ میں کام کرنے والی سینئر کلرک رانی شرما کو جمع کرائی تھیں۔ مذکورہ کام کرنے کے عوض رانی شرما نے ان سے 50 ہزار روپے رشوت طلب کی۔ بعد ازاں دونوں کے درمیان 25 ہزار روپے پر معاہدہ ہوا اور طے پایا کہ پہلے 15 ہزار روپے اور باقی رقم کام مکمل ہونے کے بعد ادا کی جائے گی۔ شکایت کی تصدیق کے بعد ملزم کو پکڑنے کے لیے جال بچھایا گیا۔ جمعہ کو جب شکایت کنندہ خاتون کلسٹر سنٹر پہنچی اور ملزم خاتون کلرک کو 10,000 روپے والا لفافہ دیا تو لوک آیکت ٹیم نے اسے پکڑ لیا۔ یہ کارروائی لوک آیکت ڈی ایس پی سنجے شکلا کی قیادت میں انسپکٹر رجنی تیواری، انسپکٹر اوما کشواہا، ہیڈ کانسٹیبل راجیندر پون، کانسٹیبل سندیپ، اودھ کی ٹیم نے کی ہے۔
