بارہ بنکی : شوہر نے بیوی کا سر قلم کردیا
بارہ بنکی، 16 فروری ۔ بارہ بنکی ضلع کے فتح پور تھانہ علاقے میں جمعہ کی صبح ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ بیوی کے ناجائز تعلقات سے ناراض شوہر نے اس کی گردن کاٹ کر قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد وہ کٹا ہوا سر ہاتھ میں لیے تھانے کی طرف جارہا تھا کہ راستے میں پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
فتح پور تھانہ کے گاؤں بسارا کے رہائشی انل کمار کنوجیا نے جمعہ کو صبح اپنی 26 سالہ بیوی وندنا کا کمرے کے اندر سر قلم کر دیا۔ اس نے اس کا سر کاٹا اور اس کو لے کر تھانے کی طرف چلنے لگا۔ اسی دوران پولیس نے اسے چوکی کے قریب سے پکڑ لیا۔
ملزم شوہر کی شادی آٹھ سال قبل وندنا سے ہوئی تھی اور اس کے دو بیٹے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ وندنا دوسرے آدمی سے فون پر مسلسل بات کرتی تھی جس کی شوہر انل کنوجیا مخالفت کرتا تھا۔ اس نے اپنی بیوی کو کئی بار سمجھایا لیکن وہ نہیں مانی۔ اس سے مایوس ہو کر آج غصہ میں آکر انل نے اپنی بیوی کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔
