رانچی، 19 فروری ۔ رانچی کے صدر سب ڈویژنل مجسٹریٹ اتکرش کمار نے پیر کو فوری اثر کے ساتھ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت نگڑی کے متاثرہ علاقے میں جاری امتناعی حکم کو منسوخ کر دیا ہے۔ یہ امتناعی حکم 16 فروری کو اگلے احکامات تک نافذ کیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ 16 فروری کی رات شہر میں سرسوتی پوجا کی مورتی کے وسرجن کے دوران دو گروپوں کے درمیان مسجد کے قریب پتھراو ہو گیا تھا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔
سرکل آفیسر کے بیان پر 18 نامزد اور 500 نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے 23 افراد کو گرفتار کر کے اتوار کو عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا۔ صورتحال کو مکمل طور پر قابو میں دیکھتے ہوئے ایس ڈی او نے دفعہ 144 ہٹا دی ہے۔
