علی گڑھ، 13 فروری ۔
فیکلٹی آف لاء کے 200 طلباء کے ایک گروپ نے پولیس اسٹیشنوں میں ہونے والے قانونی کام کاج سے واقفیت حاصل کرنے کے لئے مقامی جنرل اور مہیلا پولیس اسٹیشنوں کادورہ کیا۔طلباء نے لاء سوسائٹی کے انچارج پروفیسر حشمت علی خاں کی نگرانی میں ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ، انٹرن شپ پروگرام اور لیگل ایڈ سروسز کے تحت قانونی اور پیرا لیگل انفورسمنٹ، انسپکٹریٹ اور کورٹ آف لاء کا دورہ کیا۔
فیکلٹی آف لاء کے ڈین پروفیسر ایم زیڈ ایم نعمانی نے طلباء کو لے جانے والی دو بسوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیکلٹی کا ایک اہم قدم ہے جس کے تحت طلباء ایف آئی آر، تفتیشی ڈائری، روزنامچہ اندراج، قمری کیلنڈر، لاک اپ اسیسمنٹ، فائنل رپورٹ اور پولیس پبلک رابطہ کاعملی تجربہ حاصل کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں انھوں نے ممکنہ تعاون کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ، محکمہ پولیس اور سینٹرل آٹو موبائل ورکشاپ، اے ایم یو کا شکریہ ادا کیا۔ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ سوسائٹی کے سکریٹری مسٹر اکھل کوشل نے ایڈوکیٹ-ٹیچر ڈاکٹر ابصار قدوائی، مسٹر ذکی خیرو والا اور سلیل کمار کے ساتھ تمام سمسٹروں سے منتخب کئے گئے طلباء کی نگرانی کی۔
