دبئی، 19 فروری ۔
عالمی نمبر چھ خاتون کھلاڑی اونس جاوبیر دائیں گھٹنے کی چوٹ کے باعث دبئی اوپن ٹینس چیمپئن شپ سے دستبردار ہوگئی ہیں۔ تین بار کی گرینڈ سلیم فائنلسٹ جاوبیر کو دبئی میں مین ڈرا میں پانچویں نمبر پر رکھا گیا۔ ان کی جگہ اسپین کی عالمی نمبر 67 کھلاڑی کرسٹینا بکسا لیں گی۔
دبئی ٹینس چیمپئن شپ کی ویب سائٹ کے حوالے سے ایک سرکاری بیان میں جاوبیر نے کہا، پیارے دوستو اور اہل خانہ، میں آپ سب کو یہ بتانا چاہوں گی کہ میرا گھٹنے میں درد کی وجہ سے کھیلنا ناقابل برداشت ہو گیا ہے اورمیں میدان میں اپنا بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کے قابل نہیں ہوں۔
انہوں نے مزید کہا، اپنے ڈاکٹروں اور ٹیم کے ساتھ مشاورت کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مجھے اس ہفتے دبئی اوپن سے دستبردار ہونا پڑے گا اور مزید طبی علاج حاصل کرنا پڑے گا۔ یو ایس سوئنگ کے لیے میدان پر سب کے ساتھ دوبارہ ملنے کی منتظر ہوں، آپ کی محبتوں کا شکریہ۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب جاوبیر چوٹ کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کے دورے سے دستبردار ہوئی ہیں۔ پچھلے سال کے شروع میں وہ ابوظہبی، دوحہ اور دبئی میں ہونے والے تینوں علاقائی مقابلوں میں بھی شرکت کرنے میں ناکام رہی تھیں۔
یوکرین کی مارٹا کوسٹیوک بھی وائرل انفیکشن کی وجہ سے اس سال دبئی کے مین ڈرا سے دستبردار ہوگئیں۔ کوسٹیوک، جو 2024 آسٹریلین اوپن میں اپنے پہلے گرینڈ سلیم کوارٹر فائنل میں پہنچی ہیں، ان کی جگہ ڈرا میں اطالوی لوسیا برونزٹی (جو کہ 60 ویں نمبر کی کھلاڑ ہیں ) حصہ لیں گی۔
