نئی دہلی، 19 اکتوبر (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ نے دہلی کی شراب پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس کے ملزم سمیر مہندرو کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ جسٹس سورناکنتا شرما کی بنچ نے عبوری ضمانت کی عرضی کو مسترد کرنے کا حکم دیا۔
ہائی کورٹ نے 12 اکتوبر کو سماعت کے دوران ای ڈی کو نوٹس جاری کیا تھا۔ سمیر مہندرو نے اپنی خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے عبوری ضمانت کی درخواست کی تھی۔ راؤز ایونیو کورٹ نے 6 اکتوبر کو سمیر مہندرو کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی جس کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
قبل ازیں ہائی کورٹ نے سمیر مہندرو کو خرابی صحت کی بنیاد پر عبوری ضمانت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے سمیر مہندرو کو عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد خودسپردگی کا حکم دیا تھا۔ 6 جنوری کو ای ڈی نے دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں ایک ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی، جس میں 5 افراد اور 7 کمپنیوں کا نام لیا گیا ہے۔ چارج شیٹ میں ای ڈی نے وجے نائر، ابھیشیک بوئن پلی، شرد چندر ریڈی، ونے بابو اور امیت اروڑہ کا نام لیا ہے۔ اس سے پہلے، عدالت نے 20 دسمبر 2022 کو ای ڈی کی طرف سے داخل کی گئی پہلی چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا۔ ای ڈی نے 26 نومبر 2022 کو عدالت میں پہلی چارج شیٹ داخل کی تھی۔
ہندوستھان سماچار
