جگدل پور، 19 اکتوبر (ہ س)۔ بی جے پی کے اسٹار پرچارک مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعرات کو بستر ضلع کے تین اسمبلی امیدواروں کی مہم چلانے کے لیے جگدل پور پہنچے۔ لال باغ میدان میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں تین دیوالی منانی ہے، پہلی تہوارکی، دوسری 03 دسمبر کو کمل حکومت بننے پر اور تیسری دیوالی رام مندر کے افتتاح پر منائی جائے گی۔
وزیر داخلہ شاہ نے کہا کہ بستر کو نکسلی علاقہ سمجھا جاتا تھا، ایک بار پھر بی سے جے پی کو موقع دے دو، پورے چھتیس گڑھ کو نکسلائٹس سے پاک کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بستر کا خطہ ایسا ہے جہاں پولیس کا جوان مرتا ہے تو بھی ایک قبائلی مرتا ہے، اگر کوئی نکسلی مرتا ہے توبھی ایک قبائلی بھی مرتا ہے اور اگر ایک عام شہری مرتا ہے تو بھی ایک قبائلی بھی مرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس دومتبادل ہیں، ایک نکسل ازم کو فروغ دینے والی کانگریس کی حکومت اور دوسری بی جے پی حکومت، جو نکسل ازم کو ختم کرے گی۔
امت شاہ نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے قبائلیوں کی ترقی کے لیے 75 ہزار کروڑ روپے دیے ہیں، جس کی بدولت پانی، بجلی، اسکول جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ دوسری طرف بھوپیش بگھیل کی کانگریس حکومت نے شراب بیچنے کی دکان کھولی اور ہزاروں کروڑ کا گھوٹالہ کیا۔ نوکریوں کے لئے چھتیس گڑھ میں نوجوان برہنہ ہو کر اپنی ریاست میں ریلیاں نکالتے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت گھوٹالہ کرنے والوں کو الٹا لٹکاکر کارروائی کرنے کا کام کرے گی۔
امت شاہ نے کہا کہ آزادی کے بعد بی جے پی نے ایک غریب قبائلی خاندان کی بیٹی کو صدر بنایا۔ بی جے پی نے قبائلیوں کے لیے بہت کچھ کیا۔ بھوپیش بگھیل نے 50 ہزار اساتذہ کی بھرتی کی بات کی ، بجلی کے بل آدھے کرنے کی بات کی بھی، لیکن بجلی آدھی تو نہیں بجلی گل کر دی ۔ کانگریس نے ایک کام کیا ہے، اس نے پارٹی کے لیے ریاست کو اے ٹی ایم بنانے کا کام کیا ہے۔ جب بی جے پی حکومت میں تھی، پی ڈی ایس شروع ہوئی، چاول خریدنا شروع کیا، تندو پتے خریدنا شروع کیا ، وزیر اعظم مودی نے بستر میں 27 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے جلسہ عام میں ہزاروں لوگوں اور کارکنوں کے ساتھ جگدل پور جنرل سیٹ کے امیدوار کرن دیو، چترکوٹ کے امیدوار ونائک گوئل، بستر اسمبلی کے امیدوار منیرام کشیپ، نارائن پور اسمبلی کے امیدوار کیدار کشیپ کے ساتھ سابق ایم پی دنیش کشیپ، بستر انچارج سنتوش پانڈے سمیت بی جے پی کے کئی رہنما موجود رہے ۔
ہندوستھان سماچار
