کیلا موڑ رامبن کے مقام پر ٹرک حادثے کا شکار، ڈرائیور جاں بحق
جموں، 2 نومبر ۔ جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رامبن میں جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر ایک ٹرک سڑک حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سڑک یہ حادثہ جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر کیلا موڑ رامبن کے مقام پر ایک ٹرک زیر نمبر جے کے 3 ای -8003 کو پیش آیا۔
ٹرک سڑک سے الٹ کر گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ متوفی کی شناخت محمد عرفان ڈار ولد عبدالقیوم ڈار ساکن کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ لاش کو طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔
