نئی دہلی، 14 جنوری (ہ س)۔ مہاراشٹر کانگریس کے بااثر لیڈر ملند دیوڑا نے آج پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ وہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے قریبی رہے ہیں۔ ملند دیوڑا نے راہل کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے آغاز سے عین قبل یہ اعلان کرکے سیاسی مبصرین کو حیران کردیا۔
ملند دیوڑا نے اپنی سیاسی زندگی کا سب سے اہم فیصلہ ایکس ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’آج میرے سیاسی سفر کے ایک اہم باب کا اختتام ہوا۔ میں نے کانگریس کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پارٹی کے ساتھ میرے خاندان کا 55 سال پرانا رشتہ ختم ہو گیا ہے۔ملند نے ان تمام لیڈروں، ساتھیوں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے برسوں تک غیر متزلزل حمایت کی۔‘‘ سابق مرکزی وزیر ملند دیوڑا کے والد مرلی دیوڑا مرکزی وزیر ہونے کے ساتھ ممبئی کانگریس کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار//سلام
