حیدرآباد/نئی دہلی، 09 نومبر (ہ س)۔ محکمہ انکم ٹیکس نے تلنگانہ ضلع کی پلئیر اسمبلی سیٹ سے کانگریس کے امیدوار پونگولیٹی سری نواس ریڈی کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ وہ حال ہی میں بی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔
ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں نے حیدرآباد اور کھمم میں پونگولیٹی سری نواس ریڈی کی رہائش گاہوں اور دفاتر کی تلاشی لی ہے۔ معلومات کے مطابق پلیئر اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے پونگولیٹی سرینواس ریڈی آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے تھے۔
ریڈی نے بدھ کو ایک دن پہلے ایک پریس کانفرنس میں اشارہ دیا تھا کہ مرکزی تفتیشی ایجنسیاں جیسے انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ انہیں نشانہ بنا سکتے ہیں اور چھاپے مار سکتے ہیں۔ تلنگانہ میں 30 نومبر کو اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ ہونے جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں نے گزشتہ ہفتے ہی مہیشورم اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار کے لکشمن ریڈی اور بدنگ پیٹ میونسپل کارپوریشن کے میئر چگورنتھا پاریجت نرسمہا ریڈی کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے تھے۔
ہندوستھان سماچار
