اسلام آباد، 08 جنوری (ہ س)۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پیر کو پولیس وین کے قریب دھماکے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کاشف ذوالفقار نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی۔
مقامی اخبار ڈان نے اپنی رپورٹ میں باجوڑ پولیس کے ترجمان اسرار احمد کے حوالے سے بتایا ہے کہ علاقے میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم جاری ہے۔ پولیس افسران اور جوان پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے روانہ ہوئے۔ راستے میں ان کی وین کو نشانہ بنایا گیا۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وزیر خان صافی نے بتایا کہ 12 زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جبکہ 10 شدید زخمیوں کو پشاور ریفر کر دیا گیا ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن کے کمشنر ثاقب رضا نے بتایا کہ دھماکے کی وجہ سے علاقے میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔
صوبے کے قائم مقام وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے بھی واقعہ کی مذمت کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
