رامبن میں 2023 میں کتّوں کے کاٹنے سے تیس کے قریب زخمی، پولیس اہلکار سمیت دو جاں بحق
جموں، 8 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رامبن میں سال 2023 میں کتے کے کاٹنے کی وجہ سے جموں و کشمیرپولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ کتوں کے حملوں میں تقریباً 30 افراد زخمی ہوئے۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد رفیق ساکن نیل ضلع رامبن سب ڈویژن رامسو میں گزشتہ سال مئی میں تھانہ رامبن میں فرائض انجام دیتے ہوئے آوارہ کتّوں کے حملے میں زخمی ہوئے تھے۔ ابتدائی علاج کے بعد اُن کو مزید علاج کے لئے ایمس نئی دہلی میں داخل کرایا گیا لیکن ریبیز کا شکار ہو کر وہ تین ماہ بعد انتقال کر گئے۔
ایک اور معاملے میں سریندر سنگھ ولد غریب سنگھ ساکن پھگمولہ تحصیل پوگل پرستان ضلع رامبن 11 اکتوبر 2023 کو کتے کے کاٹنے سے ریبیز کی وجہ سے انتقال کر گئے۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ نوجوان کو تین ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا اور بعد میں ریبیز کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔ جس کے بعد متوفی کے رابطے میں آئے پھگمولہ کے چالیس افراد کو بچاؤ ٹیکے لگائے گئے۔
ضلع رامبن کے بٹوت، گول، رام بن، رامسو اور بانہال سے کتے کے کاٹنے کے واقعات اکثر رپورٹ ہوتے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق، بٹوت، رامبن اور بانہال کی تین میونسپل کونسلوں کے پاس گھریلو اور آوارہ کتوں کی جانچ یا ٹیسٹ کرانے کا کوئی طریقہ کار نہیں ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کتے ریبیز سے متاثر ہیں یا نہیں اور ضلع میں ایسی کوئی سہولت دستیاب نہیں ہے جہاں کتوں کو ریبیز کے لیے ٹیسٹ کیا جا سکے۔
ضلع اسپتال رامبن میں تعینات ڈاکٹر ایوب وانی نے لوگوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کتا کاٹ لے تو فوری علاج کے لیے اسپتال کا رُخ کریں۔ تاہم، محکمہ صحت رامبن کے حکام نے دعویٰ کیا کہ ضلع اسپتال کتے کے کاٹنے کے کیسز کے لیے پوری طرح سے لیس ہیں اور تمام پی ایچ سیز اور سی ایچ سیز اور ضلع اسپتال رامبن میں اینٹی ریبیز ویکسین دستیاب ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں آوارہ کتوں کی آبادی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اسی حساب سے کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ متعلقہ محکمے کو ہدایت کی جائے کہ وہ گھریلو اور آوارہ کتوں کے حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیے ضروری اقدامات کریں تاکہ کتے کے کاٹنے کی صورت میں علاقے میں ریبیز جیسی مہلک بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
