نیواڑی، 9 فروری ۔
ضلع کے پرتھوی پور نگر میں جمعرات کی رات بدمعاشوں نے ایک صرافہ تاجر سے زیورات سے بھرا بیگ چھیننے کی کوشش کی لیکن تاجر کی بہادری کی وجہ سے بدمعاش کامیاب نہیں ہوسکے اور بعد میں ہوا میں فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش شروع کی۔ یہ واقعہ دکان کے باہر لگے سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر معاملے کی جانچ کررہی ہے۔
معلومات کے مطابق پرتھوی پور نگر میں ایک صرافہ تاجر راجندرسونی جمعرات کی رات اپنی دکان بند کر کے سونے اور چاندی کے زیورات سے بھرا بیگ لے کرگھرجانے کی تیاری میں تھا۔ اس دوران دکان کے باہر کھڑے چار بدمعاشوں نے ان پر حملہ کر دیا۔ انہوں نے بیگ چھیننے کی کوشش کی لیکن صرافہ تاجر کی بہادری کے باعث وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ تاجر کی بدمعاشوں سے جھڑپ ہوئی اور بیگ نہ چھوڑا۔ چیخ و پکار سن کر آس پاس کے لوگ اور گھر والے آگئے۔ ہجوم کو جمع ہوتے دیکھ کر بدمعاش ہوا میں فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ گئے۔
پرتھوی پور تھانہ انچارج ٹوئنکل یادو نے بتایا کہ ایک تاجر کو لوٹنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر تفتیش شروع کردی ہے۔ فوٹیج میں ملزمان ہاتھوں میں پستول لہراتے ہوئے اور ہوا میں فائرنگ کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔ اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
