چھپرہ میں بدمعاشوں نے ہوم گارڈ جوان کو موٹر سائیل سے ٹکر مار کر جان لی
پٹنہ، 02 جنوری (ہ س)۔ بہار میں بدمعاشوں کے حوصلے بلند ہیں۔ چھپرہ میں بدمعاشوں نے بائک سے ٹکر مار کر ایک ہوم گارڈ جوان کی جان لے لی۔ واقعہ سونپور-ہ ہائی وے پر نیاگاؤں تھانہ علاقے کے سیتاب گنج بازار کے عبدلہی گاؤں میں پیش آیا۔
ہوم گارڈ جوان کی شناخت شیومنگل سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اتوار کی دیر رات بائک سوار تین بدمعاش نیاگاؤں سے سون پور کی طرف جا رہے تھے۔ اس کی اطلاع ملتے ہی نیاگاؤں تھانہ کی گشتی پارٹی موقع پر پہنچی اور تینوں بدمعاشوں کو رکنے کا اشارہ کیا، لیکن بدمعاشوں نے بائک کی رفتار بڑھا دی۔ فرار ہونے کے دوران بدمعاشوں نے ہوم گارڈ جوان شیومنگل سنگھ کو ٹکر مار دی۔
اس کے بعد تینوں بدمعاش بائک سے نیچے گر گئے۔ اس میں سے ایک شدید زخمی اور دو بدمعاش موقع سے فرار ہو گئے۔ شدید زخمی ہوم گارڈ جوان اور بدمعاش کو علاج کے لیے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں سے ڈاکٹروں نے انہیں پی ایم سی ایچ ریفر کردیا۔ وہاں علاج کے دوران ہوم گارڈ جوان کی موت ہوگئی۔
قابل ذکر ہے کہ کچھ روز قبل بہار کے بیگوسرائے میں بدمعاشوں نے ایک سب انسپکٹر کا بھی قتل کر دیا تھا۔
ہندوستھان سماچار/ افضل
/شہزاد
