لکھنؤ، 13 نومبر (ہ س)۔
اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں پی اے سی چوتھی بٹالین میں تعینات ایک سپاہی کو اتوار کی رات گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور فرانزک ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
پیر کو اس واقعہ کی اطلاع دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ ونیت جیسوال نے بتایا کہ رات تقریباً ڈھائی بجے پولیس کو نمبر 112 پر اطلاع ملی کہ مانس نگر کالونی کے قریب ایک شخص کو اس کے گھر کے باہر گیٹ پر گولی مار کر زخمی کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو علاج کے لیے لوک بندھو اسپتال پہنچایا، وہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ فرانزک ٹیم اور پولیس افسران نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔
پولیس نے متوفی کی شناخت ستیش کمار کے طور پر کی ہے وہ پریاگ راج میں پی اے سی چوتھی بٹالین میں کوارٹر مارشل کے طور پر تعینات تھا۔ لواحقین نے قتل کا الزام لگاتے ہوئے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔ پولیس کی پانچ ٹیمیں واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔
ہندوستھان سماچار//محمد
