ممبئی، 3 دسمبر (ہ س)۔ جنوبی ممبئی کے فورٹ علاقے میں پولیس نے معروف برانڈز کے نام پر 6.16 کروڑ روپے کی جعلی کلائی گھڑیوں کے ساتھ چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان کے پاس سے 1,537 جعلی گھڑیاں برآمد کی ہیں۔ ممبئی کرائم برانچ کی ٹیم اس معاملے کی مکمل جانچ کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ممبئی پولیس کی کرائم برانچ 2 کے افسران کو فورٹ علاقے میں انیس چیمبرز اور فاطمہ بلڈنگ میں مشہور برانڈز راڈو، ٹیسوٹ، اومیگا، اوڈیمارس پیگیٹ اور ہیوگو کے نام پر جعلی گھڑیوں کی فروخت کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اس بنیاد پر پولیس نے ان دونوں عمارتوں پر چھاپہ مار کر چار افراد کو گرفتار کر لیا۔ ان چاروں ملزمان کی شناخت 32 سالہ گھیوارام چودھری، 33 سالہ بھاویش کمار پرجاپتی، 47 سالہ گنیش بھارتی اور 33 سالہ محمد شعیب قریشی کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے ان چاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس معاملے میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
ہندوستھان سماچار
