اجمیر، 15 نومبر (ہ س)۔ اجمیر پولیس نے ایک ایسے گروہ کو پکڑا ہے جو درگاہ خواجہ معین الدین چشتی کی زیارت کے لئے آنے والے زائرین کے ہجوم کے درمیان جیب کاٹنے اور موبائل فون چوری کرنے میں ملوث تھا۔ پولیس نے ان افراد کے قبضے سے 41 موبائل فون برآمد کئے ہیں جن کی مالیت تقریباً 1.25 لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے۔ اجمیر درگاہ پولیس اسٹیشن نے جولائی کے مہینے سے اب تک موبائل چور گینگ کے قبضے سے کل 241 چوری شدہ موبائل برآمد کئے ہیں، جن کی مالیت 61.75 لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے۔ پولیس ان افراد سے مزید پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اس بات کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے کہ ملزمان مختلف کمپنیوں کے اتنے مہنگے موبائل کس کس کو فروخت کرتے تھے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ چونارام جاٹ نے بتایا کہ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محمود خان کی نگرانی میں تشکیل دی گئی ٹیم نے درگاہ احاطے اور اس کے آس پاس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی اور تکنیکی مدد سے اس کا تجزیہ کیا۔ ملزمان اور دیگر مشتبہ افراد جن پر سابقہ چوری کی وارداتیں درج تھیں، سے تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی۔ منظم گینگ کی مسلسل نگرانی اور سراغ لگاتے ہوئے مالدہ مغربی بنگال کے رہائشی عبدالرؤف، افتخار عرف سالار، عامر خان، شاداب شیخ، محمد فضل اور نوشاد عالم کو پکڑا گیا۔ ملزمان کی جانب سے موبائل چوری کے جرم کا اعتراف کرنے کے بعد ان کے قبضے سے 41 مختلف کمپنیوں کے قیمتی موبائل فون برآمد کئے گئے ۔
ہندوستھان سماچار/سلام
