کولکاتا، یکم فروری ۔ میٹروپولیٹن کولکاتا سمیت پوری ریاست میں موسم میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آئی ہے۔ 24 سے 48 گھنٹوں میں درجہ حرارت میں سات سے آٹھ ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہوا ہے اور سردی تقریباً ختم ہو گئی ہے۔ جمعرات کو محکمہ موسمیات نے کہا کہ کولکاتا میں کم سے کم درجہ حرارت 21.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے چھ ڈگری زیادہ ہے۔ منگل سے بدھ تک کم سے کم درجہ حرارت 13 سے 14 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا۔
اس کے علاوہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 26.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول کے مطابق ہے۔ جس کے باعث سردی تقریباً ختم ہو گئی ہے اور موسم معمول پر آ گیا ہے۔ ہاوڑہ، ہگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی میدنی پور، پورولیا، بنکورا، مالدہ، مرشد آباد اور جھارگرام کے علاقوں میں درجہ حرارت 19 ڈگری سیلسیس سے 25 ڈگری سیلسیس کے درمیان ہے، جس کی وجہ سے سردی نہیں لگ رہی ہے۔ شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کلمپونگ میں بھی موسم معمول پر آنے لگا ہے۔ مجموعی طور پر بنگال میں موسم آہستہ آہستہ نارمل ہوتا جا رہا ہے۔ آئندہ 24 سے 72 گھنٹوں تک موسم ایسا ہی رہے گا۔
