بھونیشور، یکم دسمبر (ہ س)۔ حیدرآباد ایف سی کا مقابلہ 2 دسمبر 2023 بروز ہفتہ بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں موہن باغان سپر جائنٹس (ایم بی ایس جی ) سے ہوگا۔دریں اثنا جوآن فیرانڈو کی کوچنگ والی ٹیم موہنباغان کو اے ایف سی کپ میں بالترتیب بسوندھرا کنگز اور اڈیشہ ایف سی کے خلاف دو شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اڈیشہ کے خلاف 5-2 کی شکست نے موہن باغان جیسی ناقابل یقین کوالٹی کی ٹیم پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
تاہم، فیرانڈو اس حقیقت سے تسلی حاصل کر سکتے ہیں کہ ان کے پاس تبدیلی کے لیے درکار کھلاڑی موجود ہیں، اور شاید ان کے پاس حیدرآباد کی ٹیم کے خلاف ایسا کرنے کا بہترین موقع ہے جسے اس سیزن میں ابھی تک کامیابی نہیں ملی ہے۔
موہن باغان کے ہیڈ کوچ جوان فیرانڈو نے اڈیشہ ایف سی کے خلاف شکست کو درکنار کرتے ہوئے میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں حیدرآباد ایف سی کے خلاف مقابلے پر توجہ مرکوز کی۔
انہوں نے کہا ”ہم پیشہ ور ہیں۔ ہمارا نقطہ نظر آگے دیکھنا، کام کرنا اور اگلے تین پوائنٹس حاصل کرنا ہے۔ ہم بہت مایوس اور پریشان ہیں، لیکن میرے خیال میں اس وقت ہمارے لیے سب سے اہم چیز حیدرآباد ایف سی کے خلاف اچھا کھیلنا اور جیت حاصل کرنا ہے۔“
وہیں حیدرآباد ایف سی کے اسٹریٹجسٹ تھانگبوئی سنگتو نے میچ سے پہلے کہا،”ہم اب بھی اس لحاظ سے بہت مثبت ہیں کہ ہم ایک ٹیم، اسٹاف اور کوچ کے طور پرہمیں جو کچھ بھی کرنا ہے وہ کر رہے ہیں۔ بات صرف نتائج کی ہے لیکن محنت اور کارکردگی کے لحاظ سے سب کچھ ہماری توقع کے مطابق ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ موہن باغان ستاروں کی ٹیم ہے، لیکن میں نے اڈیشہ ایف سی کے خلاف ان کا میچ دیکھا، اور مجھے لگتا ہے کہ یہ ان کے ساتھ کھیلنے کا اچھا وقت ہے۔ ان کے پاس بہت اچھے کھلاڑی ہیں، شروعات کرنے والے بھی اور بینچ پر بھی۔“
آپ کو بتاتے چلیں کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 10 میچ کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے موہن باغان نے 3 اور حیدرآباد نے 2 جیتے ہیں، جب کہ 5 میچ ڈرا ہوئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
