آئی ایس ایل: جیت کی تلاش میں اتریں گے بنگلورو اور حیدرآباد
حیدرآباد، 4 نومبر (ہ س)۔ دو سابق انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) کے دو چمپئن ہفتہ کو ڈبل ہیڈر ڈے کے پہلے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گے، جب حیدرآباد ایف سی ہفتہ کو گاچیبوولی اسٹیڈیم میں بنگلورو ایف سی کی میزبانی کرے گی۔ گزشتہ ہفتے کے آخر میں ممبئی سٹی ایف سی کے خلاف 1-1 سے ڈرا کھیلنے والی حیدرآباد ایف سی اس مقابلے میں اترے گی، جب کہ بنگلورو بھونیشور میں کھیلے گئے میچ میں دو گول کی سبقت گنوا کر میزبان اڈیشہ ایف سی سے 3-2 سے ہار گئی تھی۔
حیدرآباد ایف سی نے انڈین سپر لیگ میں بنگلورو ایف سی کے خلاف اپنے پچھلے چاروں میچ جیت لیے ہیں، جو کہ مقابلے کی تاریخ میں کسی ایک مخالف کے خلاف ان کی مشترکہ طویل ترین جیت ہے۔ ہیڈ کوچ تھانگ بوئی سنگٹو کو امید ہے کہ یہ متاثر کن ریکارڈ ان کی ٹیم کو آئی ایس ایل سیزن 10 کی پہلی جیت حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔
حیدرآباد ایف سی کے ہیڈ کوچ تھانگ بوئی سنگٹو نے میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں کہا، ’’نتائج کے تناظر کو دیکھتے ہوئے، کیا ہم سب سے خوش ٹیم ہیں؟ شاید نہیں۔ لیکن، ہم خوش ہیں، جس طرح لڑکوں نے (ممبئی سٹی ایف سی کے خلاف) برابری حاصل کرنے کی کوشش کی اور جدوجہد کیا۔ یہ قابل ستائش ہے کیونکہ ہم تبدیلی سے گزر رہے ہیں اور نئے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
یقیناً ہمارے لیے 10 کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنا آسان ہوتا، جیسا کہ سب سمجھ رہے تھے کہ یقیناً آپ ان کے خلاف آسانی سے جیت سکتے تھے لیکن یہ اتنا آسان نہیں تھا۔ کیونکہ، جب آپ کے پاس ایک کھلاڑی کم ہوتا ہے، ایک ٹیم کے طور پر آپ سخت محنت کرتے ہیں، آپ جد وجہد کرتے ہیں۔‘‘
بنگلورو ایف سی کے ہیڈ کوچ سائمن گریسن نے آخری میچ میں بلیوز کے نتیجے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے بہت اچھا کھیلا، خاص طور پر پہلے 30 منٹ میں، ہم نے میچ پر مکمل طور پر غلبہ حاصل کیا، ہم نے دو بہت اچھے گول کیے اور اڈیشہ کو شاٹس لینے سے روک دیا۔ اس کے بعد ان کا پہلا گول شاندار تھا اور پھر ہم نے ان کے دوسرے اور تیسرے گول میں کچھ غلطیاں کیں اور ہمارے ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ ملنا بھی نقصان دہ رہا۔ مجموعی طور پر، اگر آپ پرفارمنس پر نظر ڈالیں، تو شاید یہ سارے سیزن میں ہماری بہترین کارکردگی ہے۔‘‘
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 8 میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ جس میں حیدرآباد ایف سی نے 4 میچ جیتے اور بنگلورو ایف سی نے 1 میچ جیتا جبکہ 3 میچ ڈرا رہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
