جموں و کشمیر میں برفباری کے بغیر موسمی صورتحال باعث تشویش
جموں، 20 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں رواں سال برفباری کے بغیر موسم کی صورتحال تشویش کا باعث بن گئی ہے۔ وادی کشمیر میں شدید سردیوں کا دورانیہ چلیِ کلاں کو ختم ہونے میں اب محض ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے لیکن ابھی تک وادی کشمیر اور جموں میں لوگ بارش و برفباری کا انتظار کر رہے ہیں۔ کشمیر میں خشک سردی سے لوگوں کا جینا محال ہو گیا ہے اور یہ موسمی صورتحال موسم گرما میں بہت بڑی پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہا کہ 26 جنوری کے بعد جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.7 ڈگری سیلسیس، گلمرگ میں منفی 4.6 اور پہلگام میں منفی 5.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ کے لیہہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13 ڈگری سیلسیس، کرگل میں منفی 10.8 اور دراس میں منفی 12.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.9 ڈگری سیلسیس، کٹرہ میں 4.6، بٹوت میں 1.9، بھدرواہ میں منفی 0.4 اور بانہال میں منفی 1.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
