ممبئی ممبئی میں دکانوں پر مراٹھی زبان میں بورڈ نہ لگانے پر اب دگنا پراپرٹی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔وہ دکانیں اور ادارے جنھوں نے اپنے نام کے بورڈ مراٹھی زبان میں نہیں لکھے ہیں انہیں یکم مئی سے دوگنا پراپرٹی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔دریں اثنا، شہری اداروں کی جانب سے سماعت کرنے کے بعد، بی ایم سی نے نام کے بورڈوں سے متعلق ہدایات کی تعمیل نہ کرنے کے 343 معاملات میں دکانوں اور اداروں پر مجموعی طور پر 32 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی ) ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دکانوں اور اداروں کو اپنے لائسنسوں کی تجدید کے لئے 25000 سے ایک لاکھ پچاس ہزار روپئےخرچ کرنے ہوں گے۔
اسی طرح عدالتوں میں زیر سماعت 177 مقدمات میں عدالتوں کی جانب سے تقریباً 14 لاکھ روپئے کے جرمانے عائد کیے گئے۔بی ایم سی نے مراٹھی نام کے بورڈز نہ لگانے پر اب تک 3,040 اداروں کو قانونی نوٹس بھی جاری کیے ہیں۔بی ایم سی کی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹر شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ (ملازمت کے ضابطے اور سروس کی شرائط) رولز، 2018 کے قاعدہ 35 اور سیکشن 36C کے مطابق، اور مہاراشٹرا شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹس (روزگار کا ضابطہ اور سروس کی شرائط) (ترمیمی) ایکٹ، 2022،بالترتیب، اداروں کے نام کی تختیاں مراٹھی زبان میں دیوناگری رسم الخط میں جَلی حرفوں میں ہونی چاہئیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے دکانوں اور اداروں کے نام کے بورڈ مراٹھی میں لگانے کے لیے دو ماہ کی ڈیڈ لائن دی تھی اور یہ مدت گزشتہ سال 25 نومبر کو ختم ہو گئی تھی۔
