ریاسی سڑک حادثے میں دو افراد جاں بحق، دو دیگر زخمی
جموں، 28 فروری ۔ جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں منگل کی شام ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ منگل کی شام ایک کار زیر نمبر جے کے 02 اے 8411 ریاسی سے تھب کی طرف جا رہا تھا لیکن تھب گاؤں کے قریب گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ اس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثہ میں رشپال سنگھ ولد منشی رام اور گنیش سنگھ ولد بلدیو سنگھ ساکن تھب ریاسی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ راج سنگھ ولد بلدیو سنگھ اور سنجے ولد منشی رام حادثے میں زخمی ہو گئے۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور زخمیوں کو علاج معالجہ کے لئے ضلع اسپتال ریاسی منتقل کیا گیا۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ریاسی سڑک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اُنہوں نے ڈی سی ریاسی کے ساتھ رابطہ کرکے متاثرین کو ہر ممکن فراہم کرنے کو کہا ہے۔
