غیر قانونی کانکنی اور نقل و حمل میں ملوث پانچ گاڑیاں ضبط
جموں، 10 نومبر ۔ جموں میں غیر قانونی کانکنی اور معمولی معدنیات کی نقل و حمل کے خلاف فیصلہ کن اقدام کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ مائننگ آفیسر گلشن کمار نے رات بھر ایک جامع آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے لالال، چٹھہ، میران صاحب، کولیاں، نکی واڑی توی اور قریبی علاقوں میں چھاپے مارے۔ ڈی ایم او کی رہنمائی میں ٹیم نے معدنیات کی غیر مجاز نقل و حمل میں ملوث پانچ گاڑیوں کو روکا۔ یہ گاڑیاں کلیاں، پھلیاں منڈل، میران صاحب، بیلیچرانہ اور کینال روڈ کے علاقوں سے ضروری کاغذات کے بغیر پائی گئیں۔
ٹیم نے فوری طور کاروائی کرتے ہوئے پانچوں گاڑیوں کو موقع پر ہی قبضے میں لے لیا اور بعد ازاں انہیں محفوظ تحویل میں لے کر متعلقہ تھانوں اور پولیس چوکی کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈی ایم او نے خطے کے قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کے نفاذ کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو مزید ہدایت کی ہے کہ وہ معدنیات کو قانونی طور منتقل کریں اور معدنیات کو صرف قانونی ذریعہ سے نکالیں بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
