کشتواڑ کے درابشالہ میں سرکاری اراضی پر تجاوزات کو مسمار کیا گیا
جموں، 27 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں تحصیلدار دراب شالہ کی قیادت میں محکمہ مال، پولیس اور سی آر پی ایف پر مشتمل ٹیم نے انسداد تجاوزات مہم کے دوران سرکاری اراضی سے غیر قانونی تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ ریاستی زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر شُدہ شیڈز، دیواروں اور دیگر ڈھانچوں کو افرادی قوت اور مشنیری کے ذریعے مسمار کیا گیا۔
انسداد تجاوزات کاروائی کے دوران علاقے کے 11 افراد کو سرکاری اراضی پر خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا اور ان کی تفصیلات فوری طور پر ڈی سی آفس کشتواڑ میں جمع کرائی گئی ہیں۔ بتا دیں جموں و کشمیر میں اسٹیٹ لینڈ، روشنی، کاہچرائی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف خصوصی انہدامی کاروائی چلائی گئی ہے۔ اگرچہ تین چار ماہ سے انہدامی کاروائی پر روک لگائی گئی تھی لیکن ایک مرتبہ پھر انتظامیہ نے تجاوزات پر روک لگانے اور ریاستی اراضی پر قبضہ ہٹانا شروع کر دیا ہے ۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
