نئی دہلی، 23 دسمبر (ہ س)۔ دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے ہفتہ کو کہا کہ آلودگی کے بڑھتے ہوئے مسئلہ کو دیکھتے ہوئے سی اے کیو ایم کے حکم پر دہلی میں جی آر اے پی کے تیسرے مرحلے کی پابندیوں کو لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ محکموں کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ آلودگی کو کم کیا جا سکے۔
دہلی میں تعمیرات اور انہدام کے کاموں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ نیز،بی ایس III پیٹرول اور بی ایس IV ڈیزل ایل ایم وی (4 پہیہ گاڑیوں) کے چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تعمیراتی کاموں پر پابندی کی نگرانی کے لیے متعلقہ محکمے کی ٹیمیں مسلسل معائنہ کریں گی۔
گوپال رائے نے کہا کہ سردیوں میں ہوا کی رفتار کم ہوتی ہے۔ جب میٹرولوجیکل حالت میں تبدیلی آتی ہے تو ہوا کی رفتار کم ہوجاتی ہے اور درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے دہلی کی آلودگی بڑھ جاتی ہے۔ اس کی وجہ سے دہلی اور این سی آر میں اے کیو آئی 400 سے زیادہ ہے، جو شدید زمرہ ہے۔ اس لیے سی اے کیو ایم نے گریپ کے تیسرے مرحلے کو نافذ کرنے کا حکم کل جاری کیا ہے۔ اگر کوئی اس کی خلاف ورزی کرتا ہے تو موٹر وہیکل ایکٹ 1988 کے تحت جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
دہلی کے اندر تعمیرات اور انہدام کی سرگرمیوں پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔ جس کی نگرانی ڈی پی سی سی اور محکمہ ریونیو کی ٹیمیں کریں گی۔ کچھ محکموں کو تعمیرات اور مسماری پر پابندی سے استثنیٰ دیا جا رہا ہے لیکن انہیں تعمیرات اور مسماری کے لیے جاری کردہ رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہو گا۔
ہندوستھان سماچار
