بہار کے کچھ اضلاع میں بارش کے امکانات، 13 ڈگری سیلسیس کے ساتھ دہری رہا سب سے سرد مقام
پٹنہ، 30 نومبر (ہ س)۔ موسمیاتی مرکز پٹنہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بہار کے کئی اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ درجہ حرارت میں 1-3 ڈگری کا اضافہ درج کیا گیا۔ ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت دہری میں 13.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کے روز 2 اور جمعہ کو 6 اضلاع میں بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ گیا، اورنگ آباد، جہان آباد کیمور، روہتاس اور ارول اضلاع میں دو دن میں بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت موتیہاری میں 32 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا اور سب سے کم درجہ حرارت دہری میں 13.5 ڈگری سیلسیس تھا۔ آج جمعرات کے روزبہار کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 29 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 18 سے 19 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ دن کے وقت آسمان صاف رہے گا جبکہ بعض مقامات پر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ ہوا 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 34 فیصد کے قریب رہے گا۔
جمعرات کے روزراجدھانی پٹنہ کا کم سے کم درجہ حرارت 17-18 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27-28 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ بدھ کے روزپٹنہ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29.7 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 17.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ آئی ایم ڈی پٹنہ کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں تک ریاست کے شمال مغربی اور جنوب مغربی حصوں کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ بہار کے کئی اضلاع میں صبح کا آغاز گھنے کہرے کے ساتھ ہوگا۔
بہار میں آئندہ 5-6 دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28-30 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 18 سے 19 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی تقریباً 10-14 فیصد رہے گی، جو 8-9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔ اس دوران ہلکی اور درمیانی بارش کا امکان ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ دسمبر کا مہینہ مزید سردی کے ساتھ شروع ہوگا۔ پوری ریاست میں سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار/ افضل
/شہزاد
