پارلیمنٹ کا مختصر بجٹ اجلاس آج سے
نئی دہلی، 31 جنوری (ہ س)۔ پارلیمنٹ کا مختصر بجٹ اجلاس آج سے شروع ہوگا۔ اس کا آغاز صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے خطاب سے ہوگا۔ وہ دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گی۔ اس اجلاس میں کل آٹھ سیشن مجوزہ ہیں۔ عبوری بجٹ یکم فروری کو پیش کیا جائے گا۔ یہ اطلاع پارلیمانی امور وزیر پرہلاد جوشی نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ عبوری بجٹ سیشن 2024 یعنی سترہویں لوک سبھا کا آخری اجلاس (31 جنوری تا 9 فروری) ہوگا۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن یکم فروری کو عبوری بجٹ پیش کریں گی۔ قابل ذکر ہے کہ 12 جنوری کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا سکریٹریٹ نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے آغاز سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اس سال اپریل-مئی میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے بعد بننے والی نئی حکومت بعد میں مکمل بجٹ پیش کرے گی۔
موجودہ لوک سبھا کی میعاد 16 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ اس لیے عام انتخابات کے اعلان سے قبل یہ شاید سترہویں لوک سبھا کا آخری اجلاس ہوگا۔ سال 2019 میں لوک سبھا انتخابات کا اعلان 10 مارچ کو ہوا تھا اور 11 اپریل سے 19 مئی کے درمیان سات مرحلوں میں ووٹنگ ہوئی تھی۔
