نئی دہلی، 15 فروری ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دوحہ میں قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، مالیات اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مغربی ایشیا میں حالیہ علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ساتھ ہی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس کے بعد وزیراعظم نے قطر کے وزیراعظم کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی۔ وزیراعظم قطر کے سرکاری دورے پر گزشتہ روز دوحہ پہنچے تھے۔ یہ وزیراعظم کا قطر کا دوسرا دورہ ہے۔ انہوں نے جون 2016 میں پہلی بار قطر کا دورہ کیا تھا۔ ہوائی اڈے پر وزیر مملکت برائے امور خارجہ سلطان بن سعد المریخی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم آج قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کریں گے اور دوطرفہ اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
