دہلی ہائی کورٹ نے ای ڈی کو خفیہ اور غیر مصدقہ معلومات کو لیک کرنے سے روکنے کے ترنمول کانگریس لیڈر مہوا موئترا کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔ جسٹس سبرمنیم پرساد کی بنچ نے مہوا موئترا کی عرضی کو خارج کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے 22 فروری کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
سماعت کے دوران، ای ڈی کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل نے 22 فروری کو کہا تھا کہ ای ڈی نے کوئی معلومات لیک نہیں کی ہے اور خبروں کے ذرائع سے وہ واقف نہیں ہے۔ مہوا موئترا کی طرف سے پیش سینئر وکیل ریبیکا جان نے کہا تھا کہ ای ڈی فیما کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات سے متعلق خفیہ معلومات کو لیک کر رہا ہے۔ مہوا موئترا نے ای ڈی کیس میں میڈیا کو غیر مصدقہ، غلط اور ہتک آمیز معلومات شائع کرنے سے روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ای ڈی نے مہوا موئترا کو فیما کی خلاف ورزی کے معاملے میں 14 فروری اور 20 فروری کو پوچھ گچھ کے لیے سمن جاری کیا تھا۔ عرضی میں کہا گیا کہ میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کا تعلق ای ڈی کی فیما کی خلاف ورزی کی تحقیقات سے ہے۔ جان نے کہا تھا کہ درخواست گزار کو کوئی بھی کمیونکیشن بھیجنے سے پہلے ای ڈی اسے میڈیا کو لیک کر دیتی ہے۔
