ملک میں سنت رویداس جینتی کی دھوم، صدر جمہوریہ نے عوام کو دی مبارکباد
۔ وزیر اعظم مودی نے مجسمہ کا کیا افتتاح، بی جے پی نے پیش کیا خراج عقیدت
نئی دہلی، 24 فروری ۔ ملک میں آج (ہفتہ) کو سنت رویداس جینتی پوری شان و شوکت اور عقیدت کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اس موقع پر عوام کو مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کے مجسمے کا افتتاح کیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سنت رویداس کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر جمہوریہ مرمو نے سنت رویداس کے 647 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا، ’’سنت رویداس روحانی علم کی علامت تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی عقیدت اور بھکتی کے ساتھ انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔‘‘ پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) نے صدر جمہوریہ کا پیغام جاری کیا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا، ’’میں گرو رویداس جی کے یوم پیدائش کے مبارک موقع پر تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے ذات پات کی بنیاد پر اور سماجی امتیاز کے خاتمے کے لیے جدوجہد کی۔ گرو رویداس جی نے عقیدت مندانہ طریقوں پر عمل کرکے سماج میں ہم آہنگی لانے کی کوشش کی۔ انہوں نے معاشرے میں امن، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا۔‘‘صدر جمہوریہ نے شہریوں سے سنت رویداس کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کی اپیل کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سنت رویداس جینتی کے موقع پر وارانسی کے سیر گووردھن پور میں سنت رویداس کے نئے نصب شدہ مجسمے کا افتتاح کیا۔ سنت رویداس میوزیم اور پارک کی تزئین و آرائش کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ سنت رویداس کی خوبیوں کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سنت رویداس کی تعلیمات نے ہمیشہ ان کی رہنمائی کی ہے۔ سنت رویداس نے منقسم اور بکھرے ہوئے ہندوستان کو پھر سے توانا بنایا۔ انہوں نے کہا، ’’سنت رویداس کو مذہب اور عقیدے کے نظریات سے نہیں جوڑا جا سکتا۔‘‘
بی جے پی نے آج صبح اپنے ایکس ہینڈل پر سنت رویداس کی خوبیوں کو یاد کیا۔ بی جے پی نے کہا، ’’ہم سنت روایت کے عظیم یوگی اور سب سے زیادہ علم رکھنے والے سنت شرومنی گرو رویداس جی کو ان کے یوم پیدائش پر کوٹی کوٹی نمن۔‘‘
