جھارکھنڈ میں نکسلیوں نے ریلوے ٹریک کو اڑایا، چکردھر پور ڈویژن میں ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر
رانچی، 22 دسمبر (ہ س)۔ ممنوعہ نکسلی تنظیم سی پی آئی ماونواز کے نکسلیوں نے جمعرات کی رات تقریباً 11 بجے گوئلکیرا اور پوسیتا اسٹیشن کے درمیان بم دھماکہ کرکے ریلوے ٹریک کو اڑا دیا۔ اس کی وجہ سے چکردھر پور ریلوے ڈویژن کے ہاوڑہ-ممبئی مین ریلوے لائن پر ٹرینوں کا آپریشن ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ اس کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر شالیمار-کرلا اپ ایکسپریس ٹرین (18030) کو گوئلکیرا اسٹیشن پر روک دیا گیا۔
ممنوعہ نکسلی تنظیم نے 22 دسمبر کو بھارت بند کی کال دی ہے۔ بند شروع ہونے سے پہلے ہی نکسلیوں نے چکردھر پور ریلوے ڈویژن کے گوئلکیرا اور پوسیتا ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان پول نمبر 356/29 اے اور 31 اے کے درمیان تیسری لائن میں ریلوے ٹریک کو دھماکہ سے اڑا دیا۔
نکسلیوں نے اس جگہ کو بینروں اور پوسٹروں سے پاٹ دیا ہے۔ اس دھماکے کی اطلاع اس ریلوے سیکشن کی دوسری لائن سے گزرنے والی مال ٹرین کے عملے اور گارڈ نے قریبی اسٹیشن کو دی تھی۔ اس کے بعد چکردھر پور ریلوے ڈویژن میں افراتفری مچ گئی جس کے بعد روٹ پر ٹرینوں کی آمدورفت فوری طور پر روک دی گئی۔
سینئر ڈی سی ایم گجراج سنگھ نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پورے ریلوے ڈویژن میں ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔ سیکورٹی فورس کی ٹیم کو موقع پر روانہ کر دیا گیا۔ ڈی آر ایم اے جے راٹھور نے صبح 4 بجے کے بعد کہا کہ ٹرینوں کا آپریشن ابھی تک بحال نہیں ہوا ہے۔ چکردھر پور روڑکیلا سارنڈا پیسنجر اسپیشل کا آپریشن منسوخ کردیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد 18478-یوگا نگری رشیکیش پوری اتکل ایکسپریس، 12905-پوربندر شالیمار ایکسپریس، 18006-جگدل پور ہاوڑہ ایکسپریس، 12102-شالیمار ایل ٹی ٹی ایکسپریس، 12129-پونے ہاوڑہ ایکسپریس، 12810-ہاوڑہ سی ایس ایم ٹی ایکسپریس، 12222-ہاوڑہ پونے ایکسپریس، 12151-ایل ٹی ٹی شالیمار ایکسپریس اور 12130-ہاؤڑہ پونے ایکسپریس کو قریبی اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
