پٹنہ، 18 جنوری (ہ س)۔ روہتاس ضلع میں بدھ کی رات ایک اسکارپیو پل پر چڑھنے کے دوران دریا میں گر گئی جس سے گاڑی میں سوار مکھیا سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثے میں چار افراد شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کا علاج دینارا کے پرائمری ہیلتھ سینٹر میں جاری ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ دینارا تھانہ علاقے کے بھامپور سیمری پل کے قریب پیش آیا۔ مرنے والوں کی شناخت دینارا تھانہ علاقہ کے بی سی کلاں پنچایت کے موجودہ مکھیا اور ایل جے پی لیڈر امیش پاسوان، نائب سرپنچ بپن بہاری گوسوامی اور وارڈ ممبر مہیندر پال کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسکارپیو پر سوار دیگر چار افراد اس واقعے میں زخمی ہوگئے، جنہیں ساسارام صدر اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
مقامی لوگوں نے واقعہ کی اطلاع مقامی پولیس کو دی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس اہلکاروں نے بڑی مشکل سے زخمیوں کو گاڑی سے باہر نکالا۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ساسارام صدر اسپتال بھیج دیا۔
ہندوستھان سماچار
