اڈانی- ہنڈن برگ معاملے پر آج سپریم کورٹ سنائے گا فیصلہ
نئی دہلی، 3 جنوری (ہ س)۔ سپریم کورٹ اڈانی- ہنڈن برگ کیس کی جانچ پر آج اپنا فیصلہ سنائے گا۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی قیادت والی بنچ فیصلہ سنائے گی۔ عدالت نے 24 نومبر کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل پرشانت بھوشن نے مطالبہ کیا تھا کہ اڈانی کے حصص میں سرمایہ کاری کی جانچ کی جائے۔ یہ بھی دیکھا جائے کہ فائدہ کس کو ہوا، جب کہ سیبی نے کہا تھا کہ اس نے ہر پہلو کی جانچ کی ہے۔ سیبی کی جانب سے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا تھا کہ اب وہ جانچ کے لیے وقت بڑھانے کا مطالبہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ 24 میں سے 22 معاملوں کی جانچ مکمل ہو چکی ہے۔ دو کیسز کے علاوہ تمام کیسز کی تفتیش مکمل کر لی گئی ہے۔ اب فیصلہ ہونا باقی ہے، حالانکہ کچھ معلومات آنا باقی ہیں۔ اس دوران چیف جسٹس نے مہتا سے پوچھا تھا کہ سرمایہ کاروں کو ہونے والے نقصان کے بارے میں کیا کیا جا رہا ہے اور سیبی سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے کیا کر رہی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا تھا کہ اگر کوئی شاٹ سیلنگ ہوئی ہے تو قواعد کے مطابق کارروائی ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
