واشنگٹن ،18جنوری (ہ س )۔
ؓبحیرہ احمر میں حوثیوں کے مسلسل حملوں کے درمیان امریکہ اور برطانیہ کی بھی یمن کے متعدد ٹھکانوں پر حملے جاری ہیں ۔اسی کے ساتھ امریکہ نے حوثیوں کو دوبارہ عالمی دہشت گرد نامزد کرنے کا اعلان بھی کر دیاہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے بتایا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ حوثیوں کو عالمی دہشت گرد نامزد کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حوثی امریکہ کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، حوثیوں نے بحیرہ احمر میں بین الاقوامی تجارتی جہازوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ حوثیوں نے کمرشل شپنگ کی حفاظت پر مامور امریکی جہازوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بین الاقوامی شپنگ پر حملوں نے میرینرز کوخطرے میں اور آزاد تجارتی نقل و حمل میں خلل ڈالا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ امریکہ اور اتحادیوں نے واضح کیا ہے کہ ان حملوں کے نتائج ہونے چاہئیں، حوثیوں کو دہشت گرد نامزد کرنا گزشتہ ہفتے کی کارروائی کا تسلسل ہے۔میتھیو ملر کا یہ بھی کہنا ہے کہ یمن میں عام شہریوں کا نقصان کم کرنے اور امداد کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں، امریکا یمن میں انسانی امداد کا کلیدی ڈونر ہے۔
ہندوستھان سماچار
