کناڈا کے انتخابات میں غیر ملکی مداخلت پر سماعت کے دوران ٹروڈو نے نجر کامدعا اٹھایا
اوٹاوا، 12 اپریل (ہ س)۔ کناڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ حکومت کناڈا کے تمام لوگوں کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کے لیے کھڑی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹروڈو نے گزشتہ سال خالصتانی سکھ علیحدگی پسند کے قتل کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ٹروڈو نے کناڈا کے انتخابی عمل میں غیر ملکی مداخلت کی جانچ میں بدھ کو ایک کمیٹی کے سامنے گواہی دی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کناڈا کی پچھلی حکومت کی ہندوستانی حکومت کے ساتھ ’’قربت‘‘ تھی۔
مقامی میڈیا کے ذریعہ شیئر کی جا رہی ‘‘لائیو اسٹریمنگ‘‘ ویڈیو کے مطابق ٹروڈو نے 2019 اور 2021 کے انتخابات کے دوران غیر ملکی مداخلت کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات حاصل کرنے کے بعد حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ ہردیپ سنگھ نجر کو گزشتہ سال 18 جون کو شہر کے ایک گرودوارے کے باہر قتل کر دیا گیا تھا۔ ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات اس وقت کشیدہ ہوگئے تھے جب ٹروڈو نے نجر کے قتل میں ہندوستانی ایجنٹ کے ’’ممکنہ‘‘ ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔
بھارت نے ٹروڈو کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں مضحکہ خیز اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔ بھارت نے 2020 میں نجر کو دہشت گرد قرار دیا تھا۔ اپنی گواہی کے دوران ٹروڈو نے قومی سلامتی اور انٹیلی جنس مشیر کے کردار، اور خفیہ جانکاری ملنے کے بعد کی گئی کارروائی کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے چینی نژاد کینیڈین اور چین کے اثر و رسوخ کا بھی ذکر کیا۔ٹروڈو نے 2019 کے انتخابات کے تین ماہ بعد موصول ہونے والی انٹیلی جنس رپورٹ کے بارے میں بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ کینیڈا کے لوگوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، جس میں نجر کے قتل کے انتہائی سنگین کیس بھی شامل ہے۔ میں نے یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا تھا۔ یہ کینیڈینوں کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کے لیے ہماری حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ٹروڈو نے ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ حکومت غیر ملکی مداخلت کے بارے میں کچھ نہیں کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نے جانچ کمیٹی کو غیر ملکی مداخلت سے نمٹنے کے لیے ان کی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ٹروڈو نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ یقینی طور پر ایک ایسا سوال ہے جو سابقہ کنزرویٹو حکومت سے پوچھا جانا چاہیے جو ہندوستان کی موجودہ حکومت کے ساتھ اپنے انتہائی خوشگوار تعلقات کے لیے جانی جاتی تھی۔
