امریکہ نے ایچ-1 بی ویزوں کی تجدید شروع کی
واشنگٹن، 31 جنوری (ہ س)۔ امریکہ نے ملک میں ایچ 1 بی غیر ملکی ورک ویزا کی تجدید کے لیے باضابطہ طور پر ایک پائلٹ پروگرام شروع کیا ہے۔ اس اقدام سے ہزاروں ہندوستانی ٹیکنالوجی پیشہ ور افراد کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔
ایچ 1 بی ویزا ایک غیر تارکین وطن ویزا ہے جو امریکی کمپنیوں کو غیر ملکی کارکنوں کو خصوصی پیشوں میں ملازمت دینے کی اجازت دیتا ہے جن کے لیے نظریاتی یا تکنیکی مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ٹیکنالوجی کمپنیاں ہندوستان اور چین جیسے ممالک سے ہر سال ہزاروں ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کے لیے اس پر منحصر رہتی ہیں۔
ویزا کی تجدید کا یہ پروگرام 29 جنوری کو شروع کیا گیا تھا اور یہ یکم اپریل تک چلے گا۔ اس سے ایچ- 1بی ویزا رکھنے والوں کو اپنے ویزا کی تجدید میں مدد ملے گی۔ اس سلسلے میں ایک اعلان گزشتہ سال جون میں وزیر اعظم نریندر مودی کے سرکاری دورے کے دوران کیا گیا تھا۔ تقریباً دو دہائیوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ محدود تعداد میں ایچ-1 بی نان امیگرنٹ ویزا رکھنے والے امریکہ میں اپنے ویزوں کی تجدید کر سکیں گے۔
