برلن، 14 اکتوبر۔ جمعہ کی صبح تقریباً تین بجے جنوبی جرمنی میں میونخ کے مشرق میں اے -94 ہائی وے پر تارکین وطن سے بھری ایک وین کے حادثے میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثے میں مزید 16 زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں ایک چھ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ یہ اطلاع مقامی پولیس حکام کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ وین اوورلوڈ تھی۔ پولیس نے اسے روکنے کی کوشش کی۔ ڈرائیور نے اسے نظر انداز کرتے ہوئے وین کی رفتار 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی۔ کچھ دیر بعد یہ وین الٹ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وین میں سوار افراد شام اور ترکی کے رہائشی ہیں۔ زخمیوں میں ڈرائیور اور آسٹریا سے تعلق رکھنے والا 24 سالہ نوجوان مشتبہ اسمگلربھی شامل ہے۔ اسے باضابطہ طور پر اسپتال میں حراست میں لیا گیا تھا۔ یہ آسٹریا کی رجسٹرڈ وین ہے۔ یہ شاہراہ انسانی اسمگلنگ کے راستے کے طور پر بدنام ہے۔ جائے حادثہ آسٹریا کی سرحد سے صرف 50 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ زیادہ تر تارکین وطن اسی ہائی وے کے ذریعے جرمنی جاتے ہیں۔
