وارسا، 12 دسمبر (ہ س)۔ پولینڈ کی پارلیمنٹ نے پیر کو سنٹرسٹ پارٹی کے رہنما ڈونلڈ ٹسک کو وزیراعظم منتخب کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی آٹھ سال کی قومی قدامت پسند حکمرانی کے بعد نئی یورپی یونین نواز حکومت کے لیے راہ ہموار ہوگئی۔
پولینڈ کے آن لائن نیوز پورٹل وارسا وائس کے مطابق، ٹسک کو قومی انتخابات کے تقریباً دو ماہ بعد وزیر اعظم منتخب کیا گیا۔ یہ بائیں بازو سے لے کر لبرل قدامت پسند جماعتوں تک کی جماعتوں کی جیت ہے۔ اس پورٹل کے مطابق وزیر اعظم میٹیوز موراویکی کے پارلیمنٹ میں اعتماد کا ووٹ کھونے کے بعد ہونے والی ووٹنگ میں ٹسک کے حق میں 248 ووٹ پڑے۔ 201 ارکان پارلیمنٹ نے ان کے خلاف ووٹ دیا۔ پولینڈ میں 15 اکتوبر کو ہونے والے عام انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے کامیابی حاصل کی تھی ۔
وارسا وائس کے مطابق قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد ٹسک نے اپنے خطاب میں کہا، ”میں پولینڈ کے عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ شکریہ پولینڈ، یہ ایک اچھا دن ہے، میرے لیے نہیں، بلکہ ان تمام لوگوں کے لیے جو اتنے سالوں سے گہرائی سے یقین رکھتے رہے کہ یہ اب بھی بہتر ہوگا، کہ ہم اندھیرے کو دور کریں گے ، برائی کو دور کریں گے ۔“پولینڈ کے صدر آندریز ڈوڈا کے دفتر نے کہا کہ وہ بدھ کی صبح تک نئی حکومت کا حلف اٹھانے کے لیے تیار ہوں گے“۔
ہندوستھان سماچار
