
موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا کی یورپ میں ہوگی قطر کے وزیراعظم سے ملاقات
تل ابیب، 16 دسمبر (ہ س)۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے قطر کے وزیر اعظم کے ساتھ یرغمالیوں کے معاملے پر بات چیت کے لیے موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا کو یورپ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل نے ہفتے کے روز اپنی ویب سائٹ پر یہ معلومات شیئر کی۔
ٹائمز آف اسرائیل نے ایکسیوس کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو نے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بات چیت دوبارہ شروع کرنے کے لیے موساد کے سربراہ کو یورپ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بارنیا کی اس ہفتے کے آخر میں یورپ میں قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقات متوقع ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک اور جنگ بندی کی کوششوں کو دھچکا لگ چکا ہے۔ دراصل موساد چیف اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی پر بات چیت کے لیے قطر جانے والے تھے لیکن ان کا دورہ منسوخ کر دیا گیا۔ اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ نے موساد کے سربراہ کے دورہ کی منسوخی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
