واشنگٹن، 12 ستمبر (ہ س)۔
امریکی ایجنسی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی چارلی کرک کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے معاملے میں آج رات اہم انکشافات کر سکتی ہے۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل، یوٹا کے گورنر اسپینسر کاکس اور قانون نافذ کرنے والے اعلیٰ حکام کے ساتھ، مقامی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے صحافیوں سے خطاب کریں گے اور اس واقعے کے بارے میں موصول ہونے والی کچھ اہم معلومات کا اشتراک کریں گے۔ ایف بی آئی کے مطابق کرک کو یونیورسٹی کیمپس میں گولی مارنے والے بندوق بردار کی تلاش یوٹاہ سمیت پورے ملک میں جاری ہے۔ ریڈیو مبصر اور پوڈ کاسٹر 31 سالہ چارلی کرک کو بدھ کے روز حملہ آور نے اس وقت گولی مار دی جب وہ یونیورسٹی میں ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ افسر کے مطابق اس قتل کیس میں ایک ملزم کی نئی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔ ملزم نے جینز، سویٹر، ٹوپی اور چشمہ پہن رکھا تھا۔ ایف بی آئی نے کہا کہ مشتبہ حملہ آور کالج کا طالب علم لگتا ہے۔ حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے پاس مشتبہ مجرم کا نام موجود ہے تاہم انہوں نے ابھی تک اسے عام نہیں کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ
