پٹنہ، 9 مارچ ۔
راجدھانی پٹنہ میں نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ داناپور تھانہ علاقہ کے گولاپر واقع دھنیشوری دیونند گرلس انٹر اسکول کیمپس میں مشتبہ حالت میں ایک نوجوان کی لاش ملنے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔متوفی کی شناخت گولاپر جھگڑی مہا دیو مسہری رہائشی بالیشور چودھری کے 24 سالہ بیٹے سجیت کمار عرف کلو کے طور پر ہوئی ہے۔
لاش ملنے کے بعد اسکول انتظامیہ نے ڈائل 112 پر اطلاع دی۔ لاش برآمد ہونے کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے لوگ جمع ہوگئے۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر سب ڈویزنل اسپتال میں پوسٹ مارٹم کروا کر ورثاء کے حوالے کر دیا۔ اہل علاقہ کے مطابق متوفی سمیک اور دیگر نشہ آور اشیاء استعمال کرتا تھا۔ نشے کا اوور ڈوز لینے کی وجہ سے اس کی موت بتائی جاتی ہے۔
واقعے کے حوالے سے اسکول کے گارڈ منیش کمار نے بتایا کہ جب وہ صبح فریش ہونے گئے تو دیکھا کہ اسکول احاطے کے ٹوائلٹ ٹینک کے اوپر ایک نوجوان کی لاش پڑی تھی۔ جب وہ قریب گیا تو اس نے اسے اٹھنے کے لیے بلایا اور اسے اٹھانے کی کوشش کی۔ اس نےا سکول کے اہلکار کو اطلاع دی اور ساتھ ہی 112 پر ڈائل کیا ۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی گشتی ٹیم اور ڈائل 112 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ متوفی نوجوان ویٹر کا کام کرتا تھا۔
پٹنہ تھانہ انچارج پی کے بھردواج نے بتایا کہ ایک نوجوان کی لاش اسکول احاطے سے برآمد ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متوفی اسمیک اور نشہ آور اشیاء استعمال کرتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد معلوم ہو گی۔
