نئی دہلی ۔
مشرقی دہلی کے مدھو وہار علاقے کے ڈی ڈی اے پارک میں ایک نوجوان کے چاقو کے وار کر کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے پولس نے اس معاملے میں ایک نابالغ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے ڈکیتی کے خلاف احتجاج کرنے پر نوجوان کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔
ڈی سی پی اپوروا گپتا نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت مشرقی ونود نگر کے رہنے والے سمیت کمار (20)، ہرش کمار (20) اور ہمانشو (18) ساکن کھچڑی پور کے طور پر کی گئی ہے، جب کہ چوتھا ملزم نابالغ ہے۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ ریپیڈو میں کام کرنے والا نریندر (32) منڈاولی علاقہ میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتا تھا۔ وہ جمعہ کی رات مدھو وہار تھانہ علاقے کے تحت آئی پی ایکسٹینشن سی این جی پمپ کے سامنے پارک میں ایک دوست کے ساتھ کھانا کھانے گیا تھا۔ اس دوران چار لڑکوں نے نریندر کو لوٹنے کی کوشش کی۔ جب اس نے احتجاج کیا تو بدمعاشوں نے اس پر چاقو سے کئی وار کیے اور اس کا لیپ ٹاپ بیگ اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے۔
شدید زخمی حالت میں نریندر کو اس کے دوست نے لال بہادر شاستری اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی۔ جائے وقوعہ کے اردگرد نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی چھان بین کی گئی جس سے ملزمان کی شناخت ہو گئی۔ تکنیکی نگرانی کی بنیاد پر اے ٹی ایس اور مدھو وہار پولس اسٹیشن کی ٹیم نے چاروں ملزمین کو پکڑ لیا۔ ملزم کے کہنے پر قتل میں استعمال ہونے والا چاقو برآمد کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ لیپ ٹاپ بیگ، موبائل اور اے ٹی ایم کارڈ بھی برآمد کیا گیا۔
