– ہوائی جہاز کے ایندھن اور پیٹرول کی برآمد پر ڈیوٹی صفر رہے گی
– خام تیل کی قیمتوں میں نرمی کے درمیان، نئی قیمتیں 16 نومبر سے نافذ ہوں گی
نئی دہلی، 16 نومبر (ہ س)۔ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے درمیان حکومت ہند نے ملک میں پیدا ہونے والے خام تیل پر ونڈ فال ٹیکس میں کمی کردی ہے۔ ڈیزل پر خصوصی اضافی برآمدی ڈیوٹی (ایس اے ای ڈی) کو بھی کم کر دیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق جمعرات 16 نومبر سے ہو گیا ہے۔ مقامی طور پر پیدا ہونے والے خام تیل پر ونڈ فال ٹیکس 9,800 روپئے فی ٹن سے کم کر کے 6,300 روپئے فی ٹن کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ڈیزل کی برآمد پر لاگو ایس اے ای ڈی کو 2 روپئے فی لیٹر سے کم کر کے 1 روپئے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔ ہوائی جہاز کے ایندھن یعنی اے ٹی ایف اور پیٹرول کی برآمد پر ڈیوٹی صفر رہے گی۔
اس سے قبل یکم نومبر کو حکومت نے خام تیل پر ونڈ فال ٹیکس 9,050 روپے فی ٹن سے بڑھا کر 9,800 روپے فی ٹن کر دیا تھا۔ اس کے ساتھ ڈیزل کی برآمد پر ڈیوٹی بھی آدھی گھٹا کر 2 روپے فی لیٹر کر دی گئی۔ اسی طرح ہوائی جہاز کے ایندھن پر ڈیوٹی 1 روپے فی لیٹر سے کم کر کے صفر کر دی گئی۔
رواں ماہ اب تک عالمی منڈی سے درآمد کئے گئے خام تیل کی اوسط قیمت 84.78 امریکی ڈالر فی بیرل رہی ہے۔ اکتوبر کے مہینے میں یہ اوسط 90.08 امریکی ڈالر فی بیرل تھی جبکہ ستمبر میں یہ 93.54 امریکی ڈالر فی بیرل تھی۔
ہندوستھان سماچار/سلام
