نئی دہلی، 24 جنوری (ہ س)۔
الیکشن کمیشن 25 جنوری کو 14 واں قومی ووٹرز ڈے منا رہا ہے۔ صدر دروپدی مرمو نئی دہلی میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے زیر اہتمام قومی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گی۔
مرکزی وزیر قانون و انصاف ارجن رام میگھوال اس تقریب میں بطور مہمان اعزازی شرکت کریں گے۔ اس تقریب میں مالدیپ، فلپائن، روس، سری لنکا اور ازبکستان سے الیکشن مینجمنٹ اداروں کے سربراہان اور نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
سال 2024 کے قومی ووٹر ڈے کا تھیم ’ووٹ جیسا کچھ نہیں، ووٹ زور ڈالیں گے ہم‘ہے۔
پروگرام کے دوران، صدر سال 2023 کے لیے بہترین انتخابی طریقوں سے متعلق ایوارڈز پیش کریں گی۔ یہ ایوارڈ مختلف شعبوں میں 2023 کے دوران انتخابات کے انعقاد میں بہترین کارکردگی کے لئے ریاستی اور ضلعی سطح کے افسران کو پیش کئے جائیں گے۔
ای سی آئی کی اشاعت ‘ای سی آئی کی پہل برائے عام انتخابات 2024’ کی پہلی کاپی چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار صدر جمہوریہ کو پیش کریں گے۔ یہ کتاب انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ، جامع، قابل رسائی اور شرکت پر مبنی انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ای سی آئی کے ہر ڈویژن کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا ایک جامع جائزہ فراہم کرتی ہے۔
الیکشن کمیشن 25 جنوری کو قوم کی خدمت کا 75 واں سال منا رہا ہے۔ اس اہم موقع پر اور 2024 کے پارلیمانی انتخابات کی روشنی میں – ‘جامع انتخابات’ کے موضوع پر ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2011 سے ہر سال 25 جنوری کو ملک بھر میں قومی ووٹرز ڈے منایا جاتا ہے تاکہ الیکشن کمیشن کے یوم تاسیس یعنی 25 جنوری 1950 کو تازہ کیا جا سکے۔
