رامبن میں ایک شخص نے کار سے اُتر کر دریائے چناب میں چھلانگ لگا دی
جموں، 15 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رامبن کے کرول علاقے میں اتوار کے روز ایک شخص نے دریائے چناب میں چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں سے سری نگر کی طرف کار میں سفر کرتے ہوئے ایک شخص نے قومی شاہراہ کے ساتھ کرول کے جسوال پل علاقے کے قریب کار کو پارک کیا۔ اس کے بعد اس نے دریائے چناب میں چھلانگ لگا دی۔
کچھ راہگیروں نے اس شخص کو چناب میں کودتے اور ڈوبتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور دریائے چناب سے اس کی لاش کو نکالنے کے لیے تلاشی مہم شروع کی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ شخص پانی کے تیز دھاروں میں بہہ گیا تھا۔ تاہم لاپتہ شخص کی بازیابی کے لیے رات گئے تک سرچ آپریشن جاری تھا۔
پولیس نے لاپتہ شخص کی شناخت رویندر سنگھ ولد مرحوم موہندر سنگھ ساکن سلیگام ضلع اننت ناگ حال بڑی برہمنہ جموں کے طور پر کی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ رامبن انسپکٹر نعیم الحق نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کرول کے مقام پر دریائے چناب میں لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
