نئی دہلی ،11فروری ۔
آسٹریلیا کے خلاف انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل ہندوستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان ادے سہارن نے بڑا ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس فائنل میچ کے لیے بہت پرجوش ہیں اور ان کی ٹیم پوری طرح تیار ہے۔ ادے سہارن کے مطابق وہ فائنل میچ کا دباو¿ بالکل نہیں لے رہے ہیں اور اسے دوسرے میچ کی طرح دیکھ رہے ہیں۔
ہندوستانی ٹیم مسلسل پانچویں بار آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں داخل ہوئی ہے۔ ادے سہارن کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے بینونی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں میزبان جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے شکست دے کر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنالی۔ اب فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔فائنل میچ سے پہلے ادے سہارن نے ٹیم کو لے کر بڑا ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے گفتگو کے دوران کہا کہ
ہم فائنل کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ ہر کوئی فٹ اور پوری طرح تیار ہے اور ذہنیت بہت اچھی ہے۔ ہم نے وکٹ دیکھی ہے اور یہاں پہلے بھی کھیل چکے ہیں۔ ہم اس پچ کے بارے میں تھوڑا سا جانتے ہیں۔ ہم تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم اسے کسی دوسرے کھیل کی طرح ہی دیکھ رہے ہیں۔ یہ فائنل میچ ہے اور اگر کوئی اور ٹیم ہمارے سامنے ہوتی تو ہم بھی اسی انداز میں کھیلتے۔ ہم آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان سیمی فائنل میچ دیکھ رہے تھے۔ ہم دیکھنا چاہتے تھے کہ یہ میچ کیسے کھیلا جا رہا ہے۔ ہم یہ اندازہ لگانا چاہتے تھے کہ ہمیں کس قدر مشکل چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ہم نے ہوٹل میں میچ کے آخری لمحات بھی دیکھے اور یہ ایک زبردست میچ تھا۔ حالانکہ ہم نے فائنل کے لیے پہلے سے منصوبہ بندی کر لی ہے۔
